رِبا کیا ہے؟
یہ کتاب اسلامی معاشیات میں سب سے زیادہ غلطی کی شکار اصطلاح پر ایک مستند کام ہے۔ ’’ربا‘‘ یا سود کے بارے میں بہت کچھ لکھا جا چکا ہے، لیکن اس موضوع پر موجودہ کتاب سے زیادہ وقیع اور جامع کوئی اور مطالعہ نہیں ہے۔ یہ کتاب پہلی بار ۱۹۳۶ء میں ’’حقیقت الربا‘‘ کے نام سے شائع ہوچکی ہے۔ اب اس کا تحقیق شدہ ایڈیشن عربی اور انگریزی ترجموں کے ساتھ خواص اور عوام کے استفادے کے لئے شائع کیا جارہا ہے۔ کتاب کے مصنف علامہ اقبال سہیل کی ایک اہم خوبی یہ ہے کہ وہ عربی واسلامی علوم سے پوری طرح بہرہ ور ہونے کے ساتھ جدید معارف سے بھی پوری طرح مستفید تھے۔ علامہ شبلی نعمانی اور مولانا حمید الدین فراہی جیسے جید علماءِ دین سے شرف تلمذ حاصل کرنے کے بعد آپ نے علی گڑھ مسلم یونیورسٹی سے اعلیٰ تعلیم حاصل کی، اور ایک بلند پایہ شاعر، مجاہد آزادی اور قانون داں کی حیثیت سے پہچانے گئے۔ عصر حاضر کی ضروریات کی روشنی میں دینی مسائل پر نظر ڈالنے کے لئے وہ بہترین اہلیت کے حامل تھے۔ مصنف نے تفصیل سے مسئلے کا جائزہ لیتے ہوئے بتایا ہے کہ فقہاء نے ربا کو ’’مراطلت‘‘اور ’’بيع صرف‘‘سے خلط ملط کردیا ہے، جب کہ اس کا تعلق صرف بیع سلف (نسیئہ )سے یعنی ادھار کے معاملات سے ہے۔ مسئلہ زیر بحث پر جملہ آیات قرآنی، احادیث نبوی اور فقہی آراء کا بھر پور جائزہ لینے کے بعد آپ نے’’ ربا‘‘ کی جامع تعریف پیش کی ہے اور حالات حاضرہ کو ملحوظ رکھا ہے تاکہمسلمان بین الاقوامی اقتصاد میں ٹاٹ باہر نہ رہ جائیں۔
Specifications
Product Code: PM-0124
Weight: 0.4 kg
Binding: Paperback
Publisher: Pharos Media & Publishing Pvt Ltd
Publication Date: 2016
No. of Pages: 230
Dimensions: 8.5 x 5.5 x 0.5 inch
Language: Urdu
ISBN: 8172210124 , 9788172210120